ہمیں فخر ہے کہ ہم نونہالوں کا مستقبل روشن کرنےوالے ادارے سے منسلک تھے،سبکدوش کارکن
جدہ ( امین انصاری )انٹرنیشل انڈین اسکول جدہ کے شعبہ ٹرانسپورٹ سے تعلق رکھنے والے محمد سلیم اور عبدالرزاق پودو سیری پیر کو اپنی خدمات سے سبکدوش ہوگئے ۔ پرنسپل سید مسعود احمد کی نگرانی میں ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں وائس پرنسپل ڈاکٹر نجیب قیس عمار ، محمد اکرم شاہجہاں اڈمنسٹریٹر آفیسر ، محمد فضیل آفس سپرنٹنڈنٹ اور حافظ محمد عبدالسلام بھی موجود تھے ۔ مسعود احمد نے کہا کہ محمد سلیم کا تعلق ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے ہے یہ اسکول کے سینیئر ترین کارکن تھے ۔ اپنی زندگی کے اہم ترین 33 سال خدمت میں لگادیئے ۔ آج وہ وطن عزیز واپس جارہے ہیں اسکول انتظامیہ ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھے گی ۔پرنسپل نے کہا کہ کیرالہ سے تعلق رکھنے والے عبدالرزاق پودو سیری نے بھی اپنی زندگی کے 22 سال اسکول کی خدمت میں لگائے اور آج وہ اپنی میعاد پوری کرکے وطن واپس جارہے ہیں ۔اسکول انتظامیہ ، اساتذہ اور تمام بچوں کی دعائیں وطن عزیز جانے والے ان کارکنوں کے ہمراہ ہمیشہ رہیں گی ۔محمد سلیم اور عبدالرزاق نے کہا کہ ہمیں فخر اورخوشی ہے کہ ہم ایسے ادارے سے منسلک تھے جو قوم و ملت کے نونہالوں کا مستقبل روشن کررہا ہے ۔ دونوں نے اسکول انتظامیہ اور شعبہ ٹرانسپورٹ کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون نے انہیں تین دہائیوں تک اسکول سے منسلک رہنے پر آمادہ کیا ۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے پرنسپل مسعود احمد کے ہاتھوں محمد سلیم اور عبدالرزاق کو توصیفی شیلڈ دی گئی اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا گیا ۔