ٹلر سن کے خیالات سے اتفاق نہیں،دفتر خارجہ
جمعرات 14 دسمبر 2017 3:00
اسلام آباد...ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔امریکی وزیرخارجہ ٹلرسن کے بیان پر ردعمل میں ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ٹلرسن کے بیان اور خیالات سے اتفاق نہیں کرتے۔ پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کیں۔ ملک کے ہر حصے میں موجود دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کیا۔ پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انسداد دہشتگردی آپریشن ملک کے وسیع تر مفاد میں کئے جا رہے ہیں۔واضح رہے ٹلرسن نے کہا تھا کہ امریکہ کو پاکستان کے استحکام کی فکر ہے۔ دہشت گرد اب کابل کے بجائے اسلام آباد کو ہدف بنا سکتے ہیں ۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کو کامیاب ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن موجودہ حالات میں پاکستان سے بات آگے نہیں بڑھ پا رہی ۔