فارمولا ون: لیوس ہیملٹن نے جھنڈے گاڑ دیئے
میلبورن : فارمولا ون کا 2017 کا سیزن دلچسپ مقابلوں سے بھرپور رہا۔ کار ریس میں کئی خوفناک حادثے بھی دیکھے گئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آسٹریلیا میں ہونے والی پہلی گراں پری میں جرمنی کے سباسشین ویٹل پہلے نمبر پر رہے۔ چین میں ہونے والی سال کی دوسری ریس میں برطانیہ کے لیوس ہیملٹن نے کامیابی حاصل کی۔ بحرین گراں پری میں ایک بار پھر جرمنی کے مشاق ڈرائیور سباسشین ویٹل نے فتح کے جھنڈے گاڑے۔ اس کے بعد مختلف کار ریس میں دنیا کے معروف ڈرائیوروں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ اگست میں ہونے والی بیلجیئم گراں پری، اٹلی گراں پری اور سنگاپور گراں پری میں برطانیہ کے ذہین ڈرائیورلیوس ہیملٹن نے لگاتار فتوحات سمیٹیں اور کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔ اس سال ملائشین گراں پری میں منفرد ریکارڈ بنا۔ ہالینڈ کے 18 سالہ میکس ورسٹاپن نے ریس جیت کر کم عمر ترین چیمپئن ڈرائیور ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ برطانیہ کے لیوس ہیملٹن کی کامیابی کا سلسلہ جاپان اور امریکہ میں ہونے والی ریس میں بھی جاری رہا۔ ابو ظبی میں ہونے والی سال کی آخری ریس فن لینڈ کے والٹیری بوٹاس کے نام رہی۔ سیزن میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے پر برطانیہ کے لیوس ہیملٹن چوتھی بار عالمی چیمپیئن قرار پائے۔