امام الحق اور جنید خان ان فٹ لسٹ میں شامل
لاہور:نیوزی لینڈ کے دورے سے قبل پاکستانی اوپنر امام الحق اور فاسٹ بولر جنید خان بھی ان فٹ کھلاڑیوں کی فہرست میں چلے گئے جبکہ شاداب خان، عماد وسیم ، اظہر علی اور فہیم اشرف پہلے ہی اس فہرست کا حصہ ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کے پاوں فنگس کی بیماری سے متاثر ہیں اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل فٹ ہونے میں ایک ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔ فاسٹ بولر جنید خان کا پاوں بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ کے دوران زخمی ہوا تھا۔ نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے پاکستانی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ22 دسمبر کو لاہور میں ہوگا جبکہ 23 دسمبر کو تین روزہ کیمپ شروع ہوگا۔ کیمپ کے آغاز پر ہی نیوزی لینڈ کے دورے کےلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق، جنید خان کے علاوہ شاداب خان، عماد وسیم ، اظہر علی اور فہیم اشرف فٹنس ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ہی دورے کےلئے ٹیم کا حصہ بن سکیں گے۔دوسری جانب گزشتہ روز ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے سپر ایٹ راونڈ کے میچز ہوئے لیکن تقریباً تمام ٹیمیں اپنے اہم کھلاڑیوں سے محروم ہیں ۔ان میں سے کئی ان فٹ قرار دیئے جانے کے باوجود شارجہ میں ٹی 10لیگ کھیل رہے ہیں۔ حبیب بینک کے کوچ کبیر خان ٹی ٹین کی کوچنگ کے لئے شارجہ میں جبکہ اوپنر اور کپتان احمد شہزاد کے علاوہ عمر گل ، فہیم اشرف اور فخر زمان بھی ٹیم کو دستیاب نہیں۔ بینک ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو چلنے پھرنے میں شدید مشکل ہو رہی ہے اور لاہور میںپاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈ اکٹرز ان کا علاج کر رہے ہیں جبکہ فخر زمان شارجہ میں ٹی 10لیگ کے میچ میں ٹاپ اسکورر رہے۔