Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوام کا پھراعتماد حاصل کریں گے،شاہد خاقان

کوہاٹ..وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمیشہ شرافت کی سیاست کی۔ گالم گلوچ کی سیاست کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب حکومت ملی تو ملک میں ہرقسم کا انتشار تھا۔ 2013 سے پہلے دہشت گردی اور انتہاپسندی عروج پر تھی۔ اسکا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دہشت گردی کو قابو پایاجس کی بدولت آج پورا پاکستان محفوظ ہے۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ پاکستان اور عوام کو جوڑنے کی بات کی۔ کبھی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے بھائیوں کو توڑا نہیں ہے۔ 15 جولائی 2018 کو نئے انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کی عدالت میں جائیں گے اور پھر عوام کا اعتماد حاصل کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا کے معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ایک سو سال سے زائد پرانے نظام کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔ فاٹا کے انضمام کا سہرا بھی مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئے گا۔فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام پر کسی کو اعتراض نہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں ہر ہفتے ایک بڑے منصوبے کا افتتاح کررہے ہیں ۔ ن لیگ باتیں نہیں، کام کرتی ہے۔ نواز شریف نے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کر رہے ہیں۔ آج کے پی سمیت پورے ملک میں نواز شریف کے کام نظر آتے ہیں۔

شیئر: