لاہور...مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان نااہلی کیس کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ عمران خان کو نااہل قرار دلانے کے لئے دوبارہ سپریم کورٹ جائیں گے۔ امید ہے کہ عمران خان نظر ثانی اپیل میں نااہل ہوں ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا کیس کی تصدیق شدہ کاپیاں میرے پاس موجود ہیں ،پھر پتہ چلے گا کہ عمران خان کتنا آرٹیکل62 ،63 پر پورا اترتا ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان کی ایک اے ٹی ایم نااہل ہوگئی تاہم علیم خان عمران خان کی دوسری اے ٹی ایم ہیں جن پر سپریم کورٹ میں مقدمات چل رہے ہیں ۔علیم خان اس وقت لوگوں کے اربوں روپے کے نادہندہ ہیں۔ عمران خان کے ساتھ انہیں بھی نااہل قرار دلانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر جہانگیرترین کا اور اس میں تیل علیم خان کا ہوتا تھا۔