سیپاک ٹاکرا تھائی لینڈ نے جیت لی
بینکاک: میزبان تھائی لینڈ کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے جنوبی کو ریا کو شکست دیکر کنگز کپ سیپاک ٹاکرا کا فائنل جیت لیا۔ والی بال ، فٹبال اور ہیڈ بال جیسے کھیلو ں کا مکسچر یہ گیم ابھی پاک و ہند میں زیادہ مقبول نہیں ہے۔ فلپائن اور ملائیشیانے تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیمپیئن شپ کے مینزٹیم ڈویژن ون میں چائنیز تائپے نے پہلی، جرمنی نے دوسری، کمبوڈیا اور آسٹریلیا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ویمن ٹیم پریمیئر کے فائنل میں بھی تھائی لینڈ نے کوریا کو شکست دی۔تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر چین اور ویتنام کے حصے میں آئی۔ فائنل کے بعد شاندار اور رنگارنگ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں چیمپیئن شپ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں نے مارچ پاسٹ بھی کیا۔فائنل تقریب کے مہمان خصوصی تھائی لینڈ سیپاک ٹاکرا کے صدر اور ورلڈ سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر جنرل شاہ رخ اریریا چاکرن، سیکرٹری جنرل عبدالحلیم قادر، ایشین سیپاک ٹاکرا کے سیکریٹری اور دیگر عہدیدار بھی موجودتھے۔