کھیلوں سے پاک ہند کشیدگی ختم ہو سکتی ہے
بینکاک:ہند کی سیپاک ٹاکرا ٹیم کے کوچ بی اے شرما اور منیجر ہیمراج کا کہنا ہے کہ اگر پاک اور ہند کے درمیان تسلسل سے مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری رہیں تو کشیدگی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ تھائی لینڈ میں چیمپیئن شپ کے دوران پاکستانی میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان اور ہندکے درمیان کرکٹ سیریز ہوا کرتی تھی تو ان دنوں ہند میں جشن کا سماں ہوتا تھا اور شائقین پاکستانی کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بےتاب رہتے تھے۔ اگر کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کےلئے دونوں ملکوں کی ٹیمیں تواتر سے دورے کرنے لگیں تو ہر قسم کی کشیدگی کا خاتمہ ہو سکتا ہے ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کے تعلقات بحال ہونے چاہئیں۔ ہند وستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہر قسم کے کھیلوں کے مقابلے ہوتے رہیں۔ہندوستانی کوچ نے کہا کہ اسنوکر اور کبڈی کھلاڑی بھی پاکستان جاچکے ہیں اس لئے ہماری خواہش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان نسبتاً نئے کھیل سیپاک ٹاکرا سے تعلقات کی بحالی کا سلسلہ شروع کیا جائے جس سے یہ کھیل بھی مقبولیت حاصل کرےگا۔