حویلیاں..وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا پارلیمنٹ میں بریفنگ دینا نیک شگون ہے۔ عسکری و سول قیادت مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیں گے۔ بدھ کو حویلیاں،تھاکوٹ موٹروے پر ترقیاتی کاموں کے جائزہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنا ڈراونا خواب تھا۔ دہشت گرد اور سازشی عناصر چاہتے تھے کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کو جنم دیا جائے لیکن عسکری اور سول قیادت نے تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے سازشیں ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ پاک،چین اقتصادی راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے۔ حویلیاں،تھاکوٹ موٹروے کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ اس حصہ کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے اور بھی مضبوط، مستحکم اور گہرے ہوں گے۔ سی پیک روٹ کے مغربی حصہ میں ڈیرہ اسماعیل خان سے ہکلہ تک شاہرات کو تیزی سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف جو تحریک چلانا چاہتے ہیں وہ اداروں اور عدلیہ کے استحکام کیلئے ہے۔ عمران خان سڑکوں پر جو نکلنے کی بات کر رہے ہیں اس کا مقصد انتشار پھیلانا اور ترقی کا عمل روکنا ہے۔