گھوڑوں پر سفر حج: گھڑ سوار ہسپانوی عازمین حج کا قافلہ شام پہنچ گیا
اتوار 13 اپریل 2025 15:44
’یہ سفر آبا و اجداد کی روایت کو زندہ کرنے کے لئے کیا گیا‘ ( فوٹو: سانا)
گھڑ سوار ہسپانوی عازمین حج کا قافلہ شام پہنچ گیا ہے۔
شامی نیوز ایجنسی ’سانا‘ کے مطابق گھڑ سوار ہسپانوی عازمین ترکیہ کے ساتھ واقع سرحدی گزرگاہ سے شام داخل ہوئے جہاں سے وہ سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
یہ سفر آبا و اجداد کی روایت کو زندہ کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے جو صدیوں سے شام کے راستے حج کے لیے جایا کرتے تھے۔
گھڑ سوار عازمین میں سے مراکشی نژاد عازم نے بتایا ہے کہ جب انہوں نے اس سفر کے بارے میں سنا تو وہ گھوڑے پر سوار ہو کر اس سال کی حج مہم میں شامل ہو گئے۔
انہوں نے کہا ’مجھے شام سے محبت ہے، یہ میرا دوسرا وطن۔‘
گھڑ سوار عازمین حج کے قافلے کا سرحد پر شاندار استقبال کیا گیا اور شہر میں داخل ہوتے ہی لوگوں کے ہجوم نے ان کو گھیر لیا اورخوش آمدیدی نغمے گائے۔