ریاض۔۔۔۔ پبلک پراسیکیوشن نے ریاض پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے کی تائید و حمایت کرنیوالے ایک مقیم عرب شہری کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔ عرب شہری نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر حوثیوں کے میزائل حملے کی حمایت کی تھی۔پبلک پراسیکیوشن نے عندیہ دیا ہے کہ ایسے ہر شخص کا تعاقب کیا جائیگا جو معاشرے کے خلاف زیادتی کا مرتکب ہوگا یا دوسروں کی حق تلفی کی کوشش کریگایا عوام کے خلاف لوگوں کو بھڑکانے کی کوشش کریگا۔ پبلک پراسیکیوشن نے معاشرے کے امن اور عوام کی سلامتی کی بقا کی خاطر ہر طرح کی زبانی و عملی جارحیت کو ریکارڈ کرنے اور جارحانہ سرگرمیوں میں مصروف افراد کے تعاقب کا انتباہ دیا ۔ پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ جو لوگ اشتعال انگیزی کرتے ہیں وہ دوسروں کی حق تلفی کی نزاکت کو محسوس نہیں کرتے۔ کسی بھی شخص کو وطن عزیزکے امن و سلامتی سے کھیلنے ، دوسروں کے خلاف اکسانے یا ملکی قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔