اسلام آباد...الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کے لئے صوبائی حکومتوں اورمحکمہ شماریات کو10 جنوری تک نقشے اور دیگرمواد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہنگامی اجلاس میں انتحابی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی چیف سیکرٹریز، چیئرمین نادرا، سیکریٹری شماریات اور صوبائی الیکشن کمشنرزنے شرکت کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمد نے بتایا کہ آئندہ انتخابات کے لئے تیاریوں کا کام شروع کردیا گیا تاہم الیکشن کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کرسکتے۔ الیکشن کمیشن نے آج سے ملک بھر میں ریونیو باونڈریز منجمد کردیں۔ انتخابات تک اس میں تبدیلی نہیں کی جا سکے گی۔انہوںنے کہا کہ مردم شماری کی عبوری رپورٹ الیکشن کمیشن کو فراہم نہیں کی گئی۔ صدرکے دستخط سے بل ایکٹ بنے گا تو مردم شماری کے عبوری نتائج ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کے لئے 45 دن رکھے گئے ہیں۔ ایک ماہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات کے لئے ہوگا۔3 مئی تک حلقہ بندیوں سے متعلق کارروائی مکمل کرلی جائے گی۔