Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

"بجلی پیداوار میں مسائل کا واحد حل اسمارٹ گرڈ کے استعمال میں ہے"

    ریاض(جاوید اقبال)سعودی الیکٹرک کمپنی دمام میں پروجیکٹ مینجر برائے نیشنل گرڈ انجینیئر محمد ابرار شامی نے کہا ہے کہ برقی توانائی کی پیداوار میں روزافزوں مسائل کا واحد حل اب اسمارٹ گرڈ کے استعمال میں ہے اور یہ کہ یہ نظام تجارتی اداروں ، مدارس ، دفاتر اور گھروں میں بجلی کی مسلسل رسد کو یقینی بنائے گا بلکہ اقتصادی طور پر بھی مفید ثابت ہوگا۔ وہ جمعہ کی سہ پہر انسٹی ٹیوشن آف انجینیئرز پاکستان سعودی عربین سنٹر کے زیر اہتمام منعقدہ 48ویں ٹیکنیکل سیمینار سے بطور مہمان خطاب کر رہے تھے۔ مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین اور صدارت انسٹی ٹیوشن کے چیئرمین انجینیئر مبشر حسین کرمانی نے کی۔ انجینیئر محمد ابرا رشامی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے اب برقی توانائی پیدا کرنے والے روایتی ذرائع کوئلہ، تیل اور گیس اپنی اہمیت کھو رہے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک نے اسمارٹ گرڈ سسٹم کو اپنا لیا ہے۔ جس کے ذریعے شمسی توانائی کی پیداوار و  بلا تعطل رسد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ اس نظام میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی احسن طریقے سے استعمال کی جاتی ہے۔ سنگاپور اس کی روشن مثال ہے۔ جہاں سال میں صرف 3منٹ کے لئے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔ امریکہ اور یورپ میں بھی اس نظام کے متعارف ہونے کے بعد برقی تعطل گھنٹوں سے کم ہو کر منٹوں تک محدودہوگیا ہے۔  دنیا کی 7ارب آبادی میں 1.7ارب اس وقت اندھیروں میں زندگی بسر کر رہی ہے۔  مہمان خصوصی ڈاکٹر عامر حسین نے سیمینار کے انعقاد کو مثبت قدم قرار دیا۔ اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ ان کے ہم وطن زندگی کے ہر شعبہ میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ انجینیئر سید مبشر حسین کرمانی نے صدارتی خطاب میں تنظیم کے مقاصد اور اس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیمینار کے انعقاد کے علاوہ ہر سال 120پاکستانی طلباء کو پاکستان میں انجینیئرنگ کی اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف بھی مہیا کرتی تھی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
 

شیئر: