Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کافی کے کپ میں پینے والوں کی تصاویر

     لندن- - - - - دنیا کے مختلف ممالک میں  کافی کو منفرد انداز میں پیش کیا جاتا ہے لیکن برطانوی دارالحکومت لندن کا ایک کیفے لوگوں کو ان کی سیلفی والی کافی بنا کر پیش کررہا ہے۔ ویسے تو کافی کا استعمال پورے سال ہی کیا جاتا ہے لیکن سردیوں میں اس کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے اور اس کے لیے لوگ اکثر مختلف کیفوں کا رخ کرتے ہیں جہاں وہ اپنی من پسند کافی بنواتے ہیں جن میں بلیک کافی، چاکلیٹ کافی، کیپی چینو، موکا چینو، ایسپریسو کافی اور کولڈ کافی سمیت دیگر شامل ہیں۔لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے اور کافی کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے کیفے والے کافی کے کپ کے اندر خوبصورت نقش نگاری کرتے ہیں جو لوگوں میں بہت مقبول ہے لیکن لندن کے ایک کیفے نے گاہکوں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے کافی کے کپ میں پینے والوں کی تصاویر بنانا شروع کردی ہے جس کے لیے وہ ’تھری ڈی پرنٹر‘ کا استعمال کرتے ہیں۔لندن کیفے کی انتظامیہ موبائل فون سے گاہک کی تصویر کھینچنے کے بعد اسے ’تھری ڈی پرنٹر‘ کے ذریعے کافی کے کپ میں پرنٹ کرکے  گاہکوں کو پیش کرتی ہے اور اس کے عوض وہ صرف 2 ڈالر اضافی چارج کرتی ہے۔کیفے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاہکوں کو اچھی کافی تو ہر جگہ مل جاتی ہے لیکن انہیں اپنی طرف راغب کرنے کے لیے کچھ الگ کرنا پڑتا ہے، اس لیے ہم نے کافی پر تصویر بنانے کا عمل شروع کیا ہے کیوں کہ لوگ اسے دوستوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے محظوظ ہوتے ہیں۔ دوسری جانب کچھ  گاہکوں نے اسے منفرد اقدام قرار دیا لیکن کچھ کا کہنا تھا کہ اپنی تصویر والی کافی پینا تھوڑا عجیب لگتا ہے۔

شیئر: