Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمن ہاکی ہیڈ کوچ پر کھلاڑیوں کے الزامات بے بنیاد نکلے

 
لاہور:پاکستانی ویمن ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے خلاف ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے ہیڈ کوچ سعید خان کو بے قصور قرار دیتے ہوئے الزام لگانے والی کھلاڑیوں سید سعیدہ اوراقرا جاوید کو ایک سال تک معطل کرنے کی سفارش کردی۔صوبائی وزیر پنجاب جہانگیر خانزادہ کے حکم پر بنائی گئی 5 رکنی کمیٹی نے اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو بھجوا دی۔کمیٹی نے رپورٹ میں ہیڈ کوچ کے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے خواتین کھلاڑیوں کومعطل کرنے کی سفارش کی۔پنجاب اسپورٹس کے عہدیدار راشد بٹ اور ویمن ہاکی ٹیم کے عہدیداروں تنزیلہ عامر چیمہ، راحت خان، چاند پروین اور کرنل (ر) احمد نواز پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی نے دونوں خواتین کھلاڑیوں، ہیڈ کوچ اور دیگر افراد کے بیان ریکارڈ کئے۔ویمن ہاکی ونگ کی سربراہ تنزیلہ عامر بھی جہاں اس کمیٹی کا حصہ تھیں، وہیں وہ تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے بطور گواہ بھی پیش ہوئیں۔تنزیلہ عامر نے تحقیقاتی کمیٹی میں ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں سید سعیدہ اور اقرا جاوید کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔تنزیلہ عامر پہلے ہی خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے ہراساں کئے جانے کے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے چکی تھیں۔انہوں نے ہیڈ کوچ سعید خان کے خلاف خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر پی ایچ ایف کی تحقیقاتی کمیٹی بنانے کو بھی غیر اہم قرار دیا تھا، تاہم انہوں نے کہا تھا کہ اگر پنجاب اسپورٹس بورڈ کمیٹی بنائے گا تو اس کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ ہیڈ کوچ سعید خان نے خواتین کھلاڑیوں کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔ہیڈ کوچ سعید خان پر سب سے پہلے 19 اکتوبر کو سید سعیدہ نے ہراساں کئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ 6 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والے ٹرائلزمیں ناکامی کے بعد ہیڈ کوچ نے انہیں بقایا جات ادا کرنے کےلئے رکنے کا کہا تھا اور بعد ازاں ہیڈ کوچ ان کے کمرے تک آئے اوران کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ کوچ ان کے کمرے میں زبردستی داخل ہوئے اور ہاتھ پکڑ لیا،اس موقع پر جب انہوں نے چیخ و پکار کی اور بھاگنے کی کوشش تو وہ انہیں چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔دوسری کھلاڑی اقرا جاوید نے بعد ازاں سید سعیدہ کے ان الزامات کی تائید کرتے ہوئے انہیں سچا قرار دیا تھا۔تاہم ویمن ہاکی ونگ کی سربراہ تنزیلہ عامر چیمہ نے کہا تھا کہ خاتون کھلاڑی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکامی پر کوچ پر الزامات لگا رہی ہے۔

شیئر: