بگ بیش لیگ:سڈنی سکسرز کی تیسری شکست
سڈنی:ایلکس کیری کی شاندار بیٹنگ اور بولر زکی عمدہ کارکردگی کی بدولت ایڈیلیڈ اسٹرائکرز نے بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کے خلاف 6رنز سے فتح سمیٹ لی۔ ایلکس کیری مین آف دی میچ بننے میں بھی کامیاب رہے۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے3وکٹوں کے نقصان پر167رنز بنائے۔ایلکس کیری نے59گیندوں پر2چھکوں اور8چوکوں کی مدد سے83رنز بنائے ان کے ساتھ جوناتھن ویلز33رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ کپتان ٹریوس ہیڈ 29رنز بنا کر اسٹمپڈ ہوئے۔بین ڈوارشوس نے2وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں سڈنی سکسرز مقررہ20اوورز میں8وکٹوں پر161رنز بنا سکے۔جارڈن سلک نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ جوآن بوتھا اور اسٹیو اوکیف با لترتیب25اور28رنز بناسکے۔ ایڈیلیڈ کے بولرز بلی اسٹینلیک، مائیکل نیسر، بین لاہلین اور راشد خان 2،2وکٹیں لیکر سڈنی کے بیٹسمینوں کو ہدف تک پہنچنے سے روکنے میںکامیاب رہے۔افغان بولر راشد خان سب سے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے نمایاں رہے۔اس کامیابی نے ایڈیلیڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن بھی دلوادی جبکہ سڈنی سکسرز مسلسل تیسری شکست کے نتیجے میں مزید نیچے چلے گئے ہیں۔