بگ بیش لیگ : برزبن ہیٹ کی پہلی فتح
برزبن: بگ بیش لیگ کے دوسرے میچ میںمیزبان برزبن ہیٹ نے میلبورن اسٹارز کو15رنز سے شکست دے کر موجودہ سیزن کی پہلی فتح سمیٹ لی لیکن میلبورن کے بیٹسمین مارکوس اسٹوئنز صرف ایک رن کی کمی سے سیزن کی پہلی سنچری سے محروم رہے ۔ پہلی مرتبہ یہ لیگ کھیلنے والے پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان نے فاتح ٹیم کی جانب سے2کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا تاہم ان کے4اوورز میں 41رنز اسکور ہوئے ۔ برزبن کے گابا گراونڈ میں کھیلے جانیوالے میچ کا ٹاس میلبورن اسٹاز نے جیت کر پہلے برزبن ہیٹ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ برزبن کی ٹیم جوئے برنز اور ایلکس روس کی نصف سنچریوں اورکپتان برینڈن میکولم کے40رنز کی بدولت 7وکٹوں کے نقصان پر206رنز بنانے میں کامیاب رہی۔شاداب خان بھی بیٹنگ کے لئے آئے لیکن کوئی گیند کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔مارکس اسٹوئنزنے3 جبکہ مائیکل بیئر نے2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں میلبورن اسٹارز کے4کھلاڑی جلدآوٹ ہوگئے تاہم پانچویں وکٹ کی شراکت میں مارکوس اسٹوئنز اور جیمز فالکنر نے137رنز بنا کر میچ کا پانسہ پلٹنے کی کوشش کی۔ 99رنز پر اسٹوئنز کے رن آوٹ ہو نے سے کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔ آخری اوور میں میلبورن اسٹارز کو24 رنز کی ضرورت تھی لیکن صرف8رنز بن سکے جبکہ 2وکٹیں بھی گر گئیں۔اسٹوئنز صرف ایک رن کی کمی سے سیزن کی پہلی سنچری سے محروم رہے انہوں نے 56گیندوں پر6چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 99رنز بنائے اورمین آ ف دی میچ رہے تاہم ان کی ٹیم منزل کے قریب پہنچ کر ناکام رہی ۔ میلبورن اسٹارز 6وکٹوں کے نقصان پر191رنز تک محدود رہی۔شاداب خان نے 2جبکہ جوش لیلور، مارک اسٹیکیٹی، برینڈن ڈوگٹ نے ایک، ایک وکٹ لی ۔