دارالارکان کو ہر طرح سے فوقیت ، سرمایہ کاروں کو 2.4ارب ریال کا فائدہ
غیاث الدین۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں ہلکی تیزی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر نے ہفتے بھر میں 106پوائنٹس کا مدوجزر دیکھا اور آخر میں 20.90پوائنٹس کے اضافے کے بعد 7230.61پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ سعودی اسٹاک مارکیٹ میں ہلکی تیزی سے سرمایہ کاروں کو 2.4ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں کل 178کمپنیو ںمیں کاروبار ہوا۔ جن میں دارالارکان کو ہر طرح سے فوقیت حاصل رہی۔ منافع ، حجم اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے بھی دارالارکان کو برتری رہی۔ منافع کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر الجوف انوسٹمنٹ رہی جس کی پرائس 12.75اضافے کے فروغ کے بعد 29.94ریال تک پہنچ گئی۔ نقصان کے لحاظ سے میٹریلز سیکٹر کی سعودی سیمنٹ کمپنی ٹاپ پر رہی۔ نقصان کے لحاظ سے صافولا دوسرے نمبر پر رہی۔ گزشتہ ہفتے حلوانی برادرز نے 25فیصد ڈیویڈنڈکا اعلان کیاتھا۔ اس ہفتے اس کی قیمت 3.93فیصد فروغ کے بعد 51.29ریال تک بڑھ گئی۔ سھارا کیمیکلز نے 10فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا۔ ان کے علاوہ ینسب نے 17.5فیصد ، ریاض بینک نے 3.8فیصد ، الاول بینک نے 2.5فیصد اور مدانیلے نے بھی 2.5فیصد ڈیویڈنڈ کے اعلانات کئے۔