ریاض..... سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے ریاض ، مشرقی ریجن اور القصیم میں برڈ فلو کے نئے واقعات کی نشاندہی کر دی۔ وزارت نے اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران برڈ فلو کے 7واقعات ریکارڈ پر آئے ہیں۔ ان میں سے 5ریاض ، ایک قصیم اور ایک مشرقی ریجن کے تاروت جزیرے میں پیش آئے۔ باقی تمام واقعات ریاض سے باہر دیہی پولٹری فارمز میں وقوع پذیر ہوئے۔ اس سے قبل سعودی وزیر ماحولیات وپانی و زراعت نے مشرقی ریجن میں برڈ فلومیں مبتلا کئی لاکھ مرغیاں تلف کرادیں۔ وزارت نے اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ برڈ فلو کے بعد مختلف مرغی فارموں سے 1720نمونے لے کر لیبارٹری بھجوا دیئے گئے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مشرقی ریجن کے الاحساءمقام پر مرغیوں کے فارم میں صرف ایک مرغی متاثر پائی گئی ۔ وزارت نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے ایمرجنسی نافذ کردی۔ ضرما بلدیہ کے تعاون سے ایک لاکھ 20ہزار مرغیوں سے چھٹکارا حاصل کیا گیاجبکہ الخرج بلدیہ کے تعاون سے 4240،المزاحمیہ کی بلدیہ کے تعاون سے 1573اور ریاض میونسپلٹی کے تعاون سے ایک لاکھ 3ہزار640 مرغیوں سے چھٹکار ا حاصل کیا گیا۔