قازقستان میں پاکستانی سفیر سالک خان کو بہترین خدمات پر اعلی ترین سول ایوارڈ
دوران قیام جدہ سالک خان نے عملی طور پر ثابت کیا کہ انکے دروازے ہر ایک کےلئے کھلے ہیں، انہوں نے ضرورتمندوں کی خدمت انکے دروازے پر کی ، ایسے افسر کبھی فراموش نہیں ہوتے ، جدہ کمیونٹی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) قازقستان میں پاکستان کے سفیر اور جدہ قونصلیٹ کے سابق قونصل جنرل سالک خان کو صدر قازقستان کی جانب سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مثالی کارکردگی پر اعلی ترین سول ایوارڈ ( تمغہ ) سے نوازاگیا ۔ قازقستان کے 25 یوم جمہوریہ کی تقریب میں انہیں یہ ایوار ڈ دیا گیا ۔ سالک خان کو قازقستان میں اعلی ترین تمغہ دینے کے حوالے سے قزاق وزارت خارجہ نے انکی بہترین خدمات پر نامزد کیا تھا ۔ واضح رہے سالک خان پاکستانی وزارت خارجہ میں اہم ذمہ داریوں پر فائز رہے وہ 2010 سے 2013 تک جدہ میں بطور قونصل جنرل تعینات رہے اس سے قبل 2006 سے 2010 تک چین میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے طور پر خدمات انجام دیں ۔وزرات خارجہ پاکستان میں مختلف خطوں کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں ۔25 فروری 2015 سے انکی تعیناتی سینٹرل ایشیا میں جمہوریہ قزاقستان میں بطور سفیر پاکستان کے ہوئی جہاںوہ تاحال خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ سالک خان کے بارے میں جدہ کمیونٹی کا کہنا ہے کہ انکا شمارایسے افسران میں کیا جاتا ہے جنہیں انکے کارہائے نمایاں سے پہچانا جاتا ہے اورانکے جانے کے بعد لوگ ہمیشہ یاد رکھتے ہیں ۔ اس بارے میں مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئر مین چوہدری اکرم کا کہنا ہے کہ سالک خان انتہائی ملنسار اور خوش مزاج انسان ہیں انکی کمی مدتوں پوری نہیں ہو گی۔ وہ حقیقی معنوں میں مملکت میں مقیم پاکبانوں کے سربراہ تھے ایک ایسے سربراہ جسے اپنے ہم وطنوں کی خدمت کر کے سکون ملتا ہو ۔سہیل آفتاب کا کہنا ہے کہ سالک خان سے جب بھی ملاقات ہوتی تھی وہ ہمیشہ پرتپاک انداز میں ملتے تھے ۔ انہو ںنے عملی طور پر ثابت کیا کہ انکے دروازے ہر ایک کےلئے کھلے ہیں ۔ قونصل جنرل ہونے کے باوجود ایک عام پاکستانی کی براہ راست ان تک رسائی ممکن تھی ۔ انہوں نے نہ صرف عملی طور پر اپنے دروازے ہر ایک کےلئے کھلے رکھے بلکہ ضرورتمند اور انتہائی مستحق افراد کے گھر جاکر انکی ہر طرح سے مدد کی ۔ مملکت سعودی عرب انتہائی اہم ملک ہے یہاں اس قسم کے افسران کی تعیناتی سے لوگوں کے مسائل بہتر طور پر حل ہوتے ہیں ۔