مودی حکومت کی جانب سے تیار کیا گیا طلاق ثلاثہ بل اکثریت سے لوک سبھا میں منظورکرنے پر ٹویٹر پر صارفین کے درمیان گرما گرم بحث جاری رہی جو ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ ہیش ٹیگ #طلاق_ثلاثہ_بل ہندمیں پہلے نمبر پر رہا جبکہ کچھ ہی دیر میں عالمی ٹرینڈ میں 46 ویں نمبر آ گیا اور3 گھنٹے بعد یہ ہیش ٹیگ عالمی ٹرینڈ میں دوسرے نمبر کا ٹرینڈ بن گیا۔امریکہ میں بھی کچھ دیر یہ ہیش ٹیگ 37ویں نمبر پر رہا۔اس ٹرینڈ میں صارفین اس بل کے بارے میں اپنی اپنی رائے کا اظہار کرتے رہے۔کچھ نے اس ٹرینڈ کی مخالفت میں ٹویٹس کیں اور کچھ نے حق میں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے ٹویٹ کیا گیا:وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے لوک سبھا میں عورتوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے 2017 کا تاریخ ساز بل بنایاجو مسلم عورتوں کے وقار کی حفاظت کرتا ہے۔یہ بل ایک تاریخی بل ہے جو 9 کروڑ مسلمان عورتوں کی قسمت کا تعین کرے گا۔
وزیر قانون نے اس بل پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: مودی حکومت اس ملک کی خواتین کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کرتی ہے اور انکی عظمت، مساوات اور انصاف کو برقرار رکھتی ہے۔ میں شیرازا بانو کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مضبوطی کے ساتھ طلاق ثلاثہ پرکام شروع کیا۔
ایک مخالف صارف نے ٹویٹ میں کہا:ہند میں 0.2 فیصد خواتین طلاق ثلاثہ کا شکار ہیں جو زیادہ سے زیادہ 3 یا 4 لاکھ ہیں ،لیکن اُن غیر مسلم خواتین کے بارے میں کیا خیال ہے جنہیں طلاق تو نہیں دی جاتی لیکن خاوند انہیں چھوڑ دیتے ہیں، انکی تعداد طلاق ثلاثہ والیوں سے کہیں زیادہ ہے جو اندازاً 20 لاکھ تک ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭