Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی عوام اب سمجھ گئے کہ انکی دولت دہشتگردی پر لٹائی جارہی ہے،ٹرمپ

واشنگٹن.... امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورریپبلکن کے ارکان کانگریس نے ایرانی حکومت کیخلاف مظاہرہ کرنے والے لاکھوںافراد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اتوار کو دوسرے دن بھی فلوریڈا میں اپنے پرائیویٹ کلب سے ٹویٹ کیا اور کہاکہ ایران میں بڑے مظاہرے ہوئے ہیں۔ آخر کار عوام کو یہ بات سمجھ آگئی کہ کس طرح ان کا پیسہ اور دولت دہشتگردی پر لٹائی جارہی ہے۔ امریکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر قریبی نظررکھے ہوئے ہے۔ ادھر اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی حکومت اپنے ہی شہریوں کے صبر کا امتحان لے رہی ہے۔ ہماری دعا ہے کہ وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔ساﺅتھ کیرولینا سے ریپبلکن کی سینیٹر لینڈسے گراہم نے کہا کہ ٹرمپ کو چاہئے کہ وہ ٹی وی پر خطاب کریں اور ایران کیساتھ ایٹمی معاہدے کی نئی شرائط بتائیں۔ ریپبلکن کے نمائندے ولہرٹ نے کہا کہ امریکہ کو ایران میں پرامن مظاہروں کی حمایت کرنی چاہئے۔ اگر ایران کریک ڈاﺅن کرے اور انسانی حقو ق کی خلاف ورزی کرے تو اس پر پابندیاں لگائی جائیں۔

شیئر: