مصری پولیس نے سعودی بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا
جیزہ..... مصری پولیس نے 6 سالہ مغوی سعودی بچے محمد کو مصری ڈرائیور کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کرلیا۔ ڈرائیور رہائی کیلئے 6 لاکھ مصری پونڈ زرتاوان طلب کررہا تھا۔ مصری وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرکے بتایا کہ مصری خاتون نجلہ نے ابو النمرس پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کا بچہ غائب ہوگیا ہے۔ پھر اس کے بھائی احمد نے اطلاع دی کہ کوئی نامعلوم شخص بار بار فون کرکے 6 لاکھ مصری پونڈ زرتاوان طلب کررہا ہے۔ مصری ذرائع نے بتایا کہ مغوی بچہ سعودی ہے، اس کا باپ سرمایہ کار ہے اس نے کئی برس قبل مصری خاتون سے شادی کی تھی ، اغوا کا ر کو سب کچھ معلوم ہے۔ جیزہ پولیس کے اہلکاروں نے پوچھ گچھ کے بعد پتہ چلا لیا کہ اغوا کار 30 سالہ مصری ڈرائیور رمضان ہے۔ پولیس نے مغوی بچے کی ماں کو ہدایت کی کہ وہ زرتاوان ادا کرنے کا ڈھونگ رچے اور اس دوران وہ ضروری کارروائی کرلے گی۔ پولیس نے رقم وصول کرتے وقت اغوا کار کو گرفتار او رمغوی کو بازیاب کرالیا۔