بنگلہ دیشی کرکٹر تمیم اقبال اور صابر رحمان پر بھاری جرمانے
ڈھاکا:بنگلہ دیشی کرکٹرز کےلئے نیا سال جرمانوں کے ساتھ وارد ہوا۔ بیٹسمین صابر رحمان کو سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کرتے ہوئے20 لاکھ ٹکا جرمانہ اور 6ماہ کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ سے معطل کر دیا جبکہ نائب کپتان تمیم اقبال پر 5لاکھ ٹکا جرمانہ کیا اور آئندہ محتاط رہنے کی تنبیہ کی۔ راجشاہی میں فرسٹ کلاس میچ کے دوران تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنانے والا واقعہ صابر رحمان کو بہت مہنگا پڑ گیا اور بورڈ نے ان کو سزا دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔یہ تماشائی میچ کے دوران صابر رحمان پر فقرے کس رہا تھا ۔ جو نہی اننگز اختتام کو پہنچی صابر رحمان نے تماشائی کو پکڑا اور سائڈ اسکرین کے پیچھے لے جا کر اس کی درگت بنائی ۔ یہ کارروائی ریزرو امپائر نے دیکھ لی اور میچ ریفری کو رپورٹ کردی۔بتایا گیا ہے کہ جب میچ ریفری نے اس بارے میں صابر سے پوچھ گچھ کی انہوں نے میچ ریفری کو بھی برا بھلا کہا جس سے معاملہ مزید خراب ہو گیا۔میچ ریفری نے بورڈ کی کرکٹ آپریشن کمیٹی کو صورتحال سے آگاہ کیا جس نے صابر رحمان کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا۔صابر رحمان 2016میں بھی بھاری جرمانے کا سامنا کر چکے ہیں اور شاید ان کا ریکارڈ ہی ان کے خلاف سخت کارروائی کی وجہ بنا۔تمیم اقبال نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کےلئے تیار کی جانے والی وکٹ کے بارے میں ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بد زبانی کی تھی۔ انضباطی کمیٹی نے ان پر 5لاکھ ٹکا جرمانہ کیا اور آئندہ کے لئے محتاط رہنے کو کہا ہے۔ تمیم اقبال اس معاملے پر پہلے ہی تحریری معافی مانگ چکے تھے تاہم بورڈ نے اسے کافی نہیں سمجھا ۔بورڈ کا موقف تھا کہ تمیم اقبال کے اس طرز عمل کی وجہ سے ڈھاکا میں میچوں کے انعقاد پر پابندی لگ سکتی ہے۔ ڈھاکا کی وکٹ کے بارے میں آ ئی سی سی پہلے ہی بورڈ کو2منفی پوائنٹس دی چکی ہے۔