ہیکنگ کی دو کوششوں کے بعد حساب المواطن بحال کردیا گیا
ریاض.... پٹرول اور بجلی وغیرہ سے سبسڈی ختم کرنے پر سعودی شہریوں کیلئے مقرر زرتلافی پروگرام "حساب المواطن" (سٹیزن اکاﺅنٹ)ہیکنگ کے بعد بحال کر دیا گیا۔ حساب المواطن کی انتظامیہ نے اپنے اکاﺅنٹ پر یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ پیر کو سٹیزن اکاﺅنٹ کو ہیکرز نے نشانہ بنایا تھا۔ سرکاری ذرائع کے توسط سے ہیکرز سے نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ منگل کی صبح کو بھی حساب المواطن ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذمہ دارعناصر کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔ حساب المواطن ہیک کرنے والے گروپ نے خود کو صقور قطر(QatarFalcons)کا نام دیا ہے۔انتظامیہ نے اکاﺅنٹ کے زد میں آجانے کے باعث رابطہ کرنے والوں کے سوالات کے جواب نہ دینے پر اظہار معذرت کیا ہے۔