انسداد دہشتگردی کیلئے مملکت کے 13اقدامات
ریاض ...سعودی دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے 2017ءکے دوران دہشتگردی کے خلاف 13اہم اقدامات کئے۔ مملکت نے دہشتگردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے سلسلے میں موثر کردارادا کیا۔دہشتگردی کو کنٹرول کرنے کیلئے 68افراد اور 21اداروں کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کیا۔ دہشتگرد تنظیم داعش سے منسوب عناصر کی گرفتاری اور انکی ویب سائٹس کی بندش کا اہتمام کیا۔ القاعدہ اور داعش کو مالی اعانت فراہم کرنے والی گیارہ شخصیات کی فہرست جاری کی۔ مسجد الحرام پر دہشتگرد حملے کی کوشش کو ناکام بنایا۔ حوثی دہشتگردوں سے منسوب 40افراد کی فہرست جاری کی۔ وزارت دفاع کے دفاتر پر دہشتگرد حملوں کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ دہشتگرد گروہوں کو واردات سے قبل ہی گرفتارکرلیا۔ العوامیہ کے دہشتگردوں کا کام تمام کیا۔ سعودی عرب نے انتہا پسندانہ افکار سے نمٹنے کیلئے مرکزی اعتدال قائم کیا۔ علاوہ ازیں ریاستی سلامتی کی جنرل پریذیڈنسی کی بھی داغ بیل ڈالی۔ سعودی عرب نے دہشتگردی کی مالی اعانت سے قطر کو روکنے کیلئے اسکے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلئے۔ مملکت نے افریقی ساحل کے ممالک میں دہشتگردی کے انسداد کی فورس تیار کرانے کیلئے 100ملین یورو کا عطیہ پیش کیا۔