العساف کابینہ اجلاس میں شریک
ریاض.... الزامات سے بری الذمہ ہوجانے کے بعد وزیر مملکت و رکن کابینہ ابراہیم العساف نے منگل2جنوری 2018ءکے کابینہ کے اجلاس میںشرکت کی۔ اجلاس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزاد ہ محمد بن سلمان بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اس موقع پر لی گئیں تصاویر ذرائع ابلاغ کو جاری کی گئیں جن میں العساف نظر آرہے ہیں۔تجزیہ نگاروں کا کہناہے کہ العساف کی کابینہ کے اجلاس میں حاضری او ر ڈیوٹی پر بحالی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی قیادت راشدہ فیصلوں کے سلسلے میں جلد بازی سے کام نہیں لیتی اور عدل و انصاف کے جملہ تقاضوں کو پورا کرنے کا اہتمام کرتی ہے۔ کابینہ کا شیوہ یہ بھی ہے کہ جب تک کسی عہدیدار کے خلاف تحقیقات کے نتائج سامنے نہ آجائیں اس وقت تک اسکے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی۔ العساف کو شکایات موصول ہونے اور تحقیقات شروع کئے جانے پر انکے منصب سے سبکدوش نہیں کیا گیا تھا لہذا جیسے ہی لگائے گئے الزامات غلط ثابت ہوئے تو وہ معمول کے مطابق کابینہ اجلاس میں شریک ہوگئے ۔ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے ہمراہ کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی۔