پاکستانی رونالڈو،نیمار، میسی اور رونالڈینیو لیاری میں
کراچی: کراچی کا علاقہ لیاری ایک ایسی جگہ ہے جہاں فٹبال کے شیدائی ہی نہیں جنونی رہتے ہیں۔ یہاں کا بچہ بچہ عالمی سطح پر کچھ کر کے دکھانا چاہتا ہے ۔ یہاں بسنے والے تمام بچوں کے آئیڈیل دنیا ئے فٹبال کے بہترین اور مشہور انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں۔لیاری جسے فٹبال کے عاشقوں کے حوالے سے منی برازیل بھی کہا جاتا ہے یہاں کے نوجوان ہوں یا بچے فٹبال ،ان کا اوڑنا بچھونا ہے۔ یہاں کے گرد آلودہ میدان جو حکومت کی مکمل عدم دلچسپی کا شکار ہیں وہ بھی ایسے آباد ہیں جیسے شائقین کوئی بہت بڑا ٹورنامنٹ دیکھنے آئے ہوں۔ہر طرف فٹبال کا جنون دکھائی دیتا ہے جو اب انٹرنیشنل اسٹارز کے روپ میں ڈھلنے لگا ہے۔ لیاری کے گبول پارک میں نیمار، میسی، رونالڈو، کیلور نیواس، رونالڈینیو اور مینوئل نوئر جیسے عالمی شہرت یافتہ ا سٹار بننے کا خواب سجائے فٹبالرز ہر گلی میں نظر آئیں گے۔کسی کا حلیہ فیورٹ کھلاڑی کی طرح تو کوئی مخصوص ایکشن سے خود کو منوانا چاہتا ہے۔ لیاری کے ا سٹرائیکرز چاہتے ہیں کہ وہ بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوائیں اورفٹبال کی دنیا کے سپر اسٹار بنیں۔کیا ہی اچھا ہو کہ ہماری پاکستان فٹبال فیڈریشن اور پاکستان فٹبال ایسوسی ایشن آپسی اختلافات اور تنازعات کو پس پشت ڈال کر ان نونہال وطن کی پشت پر ہاتھ رکھیں اور انہیں آگے بڑھ کر پاکستان کو دوبارہ فیفا کی رکنیت دلانے میں آسانی پیدا کرنے کیلئے مدد کریں۔