جدہ ..... پاکستان انٹرنیشنل اسکول، العزیزیہ میں یوم قائد کے حوالے سے شاندار پروگرام منعقد کیا گیا ۔ قائداعظم سے اسکول کے اساتذہ اور طالبات کی والہانہ محبت کا عکاس تھا۔ پروگرام کی مہمان خصوصی رفعت النساءتھیں۔ وائس پرنسپل فرحت نعیم نے پروگرام کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ طالبات کو قائداعظم کی شخصیت سے روشناس کرانے کےلئے تقریری مقابلہ بعنوان ”پاکستان کو قائداعظم کے سیاسی افکار کی ضرورت ہے“منعقد کیا گیا۔مقابلہ میں اول آنے والی طالبہ تنزیلہ کا تعلق مریم ہاﺅس سے تھا۔ فاطمہ ہاﺅس کی طالبہ مریم خان دوئم اور عائشہ ہاﺅس کی طالبہ اریج سرفراز اور خدیجہ ہاﺅس کی طالبہ رامین منیر سوئم قرار پائیں۔ طالبات کی طرف سے پاکستان سے متعلق کچھ خاکے اور قائداعظم محمد علی جناح کے ماڈلز بھی پیش کئے گئے۔ جس میں مریم ہاﺅس کی طالبات اول جبکہ عائشہ ہاﺅس دوئم اور خدیجہ فاطمہ ہاﺅس کی طالبات سوئم نمبر پر رہیں۔پروگرام کے اختتام پر مہمان خصوصی رفعت النساء (بیگم پرنسپل ڈاکٹر محمد اکرم) اور وائس پرنسپل فرحت نعیم نے جیتنے والی طالبات کو انعامات سے نوازا۔ وائس پرنسپل نے بھرپور انداز میں قائداعظم کی شخصیت اور میر کارواں پر اس انداز میں تقریر کی کہ طالبات میر کارواں بننے کا عزم لے کر اپنی منزل کی جانب بڑھیں۔ انہوں نے طالبات کو بتایا کہ قائداعظم ہماری زندگی کے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے احسان قائد کو سراہنے کے لئے اور انہیں خراج عقیدت کانذرانہ پیش کرنے کےلئے طالبات کو عمرہ ادا کرنے کی نصیحت کی۔