حرمین شریفین کیلئے سعودی انتظامات فقید المثال ہیں
طائف(ابو علی بڈانی)ممتاز مذہبی اسکالر، امیر جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف خان انٹرنیشنل ا عمار مکہ کانفرنس میں شرکت کے لئے مملکت پہنچے کانفرنس کے بعد عمرے کی سعادت حاصل کی اور طائف میں تاریخی مقامات کی زیارات کے لئے آئے تو جمعیت علماء اسلام سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری حافظ ذاکر جذبی نے ان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سعید یوسف نے کہا کہ حجاج کرام کی سہولت اور راحت کے لئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت جو انتظامات کر رہی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔بیت اللہ عالم اسلام کا دل ہے۔ حرمین کی توسیع اور عازمین و معتمرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے 30 ادارے مختص ہیں جو روزانہ مختلف امور کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مولانا سعید یوسف نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جس ظلم و بربریت کا سامنا اہل کشمیر کو ہے شاید تاریخ میں اتنی لمبی رات کسی قوم کے مقدر میں نہیں ہوگی۔دنیا میں مسائل ڈائیلاگ کے ذریعے حل کئے جاتے ہیں۔ کشمیری قوم کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے ۔ مولانا سعید یوسف نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ کشمیر آزاد ہوگا ۔دنیا کے نقشے میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں ۔ اس نقشے میں بھی تبدیلی آئے گی۔تقریب میں ویلفیئر فورم و ڈاکٹر فورم کے چیئرمین ڈاکٹر خورشید انور، جمعیت علماء اسلام طائف کے سینیئر نائب امیر مولانا بدر حسین، سماجی شخصیت گلفام تنولی، مفتی عرفان اللہ خان، راجہ شباب سبحانی، پاکستان میڈیا کونسل کے چیئرمین ممتاز احمد بڈانی، پاکستان میڈیا کونسل کے جنرل سیکریٹری چوہدری سرفراز احمد نے بھی شرکت کی۔