پاک سعودی تعلقات کے استحکام میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے
ریاض (جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا اور تارکین وطن کو پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہئے او ریہ کہ ہر پاکستانی شہری اپنے وطن کا سفیر ہے۔ وہ ریاض میں پاکستانی مقیمین کی تنظیم آل پاکستانیز اوورسیز آرگنائزیشن کی جانب سے معروف صحافی ، کالم نگار اور تنظیم کے سرپرست اعلیٰ ایچ ایم فیاض کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی ظہرانے میں مہمان خصوصی کے طور پرخطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر متعدد سیاسی اور دینی جماعتوں کے نمائندے اور عمائدین شہر بھی موجود تھے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے عبدالشکور شیخ نے مملکت کو مستقلاً الوداع کہنے والے ایچ ایم فیاض کے صحافتی کردار کو سراہا او رکہا کہ انہوں نے مملکت میں تقریباً 3دہائیوں کے قیام کے دوران کسی ستائش یا صلے کی تمنا کئے بغیر وطن عزیز او رصحافت کی خدمت کی تھی۔انہوں نے واضح کیا کہ ایچ ایم فیاض غیر متعصبانہ انداز میں خبر کو اس کی اصل صورت میں تحریر کیا کرتے تھے۔ اپنے جوابی خطاب میں ایچ ایم فیاض نے مختصراً ان ایام پر روشنی ڈالی جب انہوں نے ریاض میں صحافتی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا اور واضح کیا کہ انہیں ہمیشہ سفارتخانے اور کمیونٹی کا تعاون حاصل رہا تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافتی حلقوں کو تارکین وطن کے مسائل احسن طریقے سے حکام بالاتک پہنچانا چاہئے۔ مملکت کی پیشرفت پر بات کرتے ہوئے ایچ ایم فیاض نے کہا کہ جتنی ترقی سعودی عرب نے گزشتہ 3دہائیوں میں کی تھی۔ اس کی مثال کرہ ارض پر اور کہیں نہیں ملتی۔ علاوہ ازیں محمد خالد رانا، وسیم ساجد، سعادت اللہ ، مبشر انوار ، انجینیئر راشد محمود بٹ، ظہور احمد خان، حافظ عبدالوحید اورچوہدری عبدالمجید گجر نے بھی ایچ ایم فیاض کو خراج تحسین پیش کیا۔ تنظیم اپو ورلڈ کے صدر محمد یوسف خالد نے مہمان خصوصی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض تنظیم کے جنرل سیکریٹری احسن ندیم نے ادا کئے۔ ڈاکٹر محمود باجوہ کی دعا پر تقریب کا اہتمام ہوا۔