ریاض- - - - - - 12سالہ سعودی لڑکی حنین الخرجی نے انوکھے مرض خون میں سوزش کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے اس نے آہنی عزم اور منفرد جرأ ت کا مظاہرہ کر کے اپنے دکھ درد کو قابو کیا، معمول کی زندگی گزارنے کیلئے اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو نکھارنے کا اہتمام کیا۔ الخرجی نے ویڈیو چینل قائم کر لیا۔ حنین کی والدہ نے العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی آرٹ اور پینٹنگ کی شوقین ہے۔ ٹی وی اناؤنسر بننے کا خواب دیکھ رہی ہے۔ حنین کی دنیا کے نام سے اپنا چینل قائم کئے ہوئے ہے۔ اپنے چینل سے کھانے پینے کے طور طریقے ، میک اپ کے انداز سکھا رہی ہے۔ مختلف مقابلے منعقد کر رہی ہے۔ کینسر کے مریض بچوں کو انتہائی پیار، محبت اور لگاؤسے مفید مشورے دے رہی ہے۔ ماں نے مزید بتایاکہ حنین الخرجی نے 8برس تک اپنا علاج کرایا۔ مرض اچانک شدید ہو گیا۔ معائنہ کرانے سے پتہ چلا اسے بلڈ کینسر نہیں بلکہ خون میں سوزش کا عارضہ لاحق ہے۔ 3برس تک کیمیائی علاج کراتی رہی جس سے اسے آنتوں میں شدید تکلیف ہوئی۔ ماں نے مزید بتایا کہ کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کے طبی عملے نے ان کی بیٹی کے علاج میں ادنیٰ فروگزاشت سے کام نہیں لیا۔ حنین الخرجی بوجوہ اسکول نہیں جا سکتی تاہم وہ تعلیم و تربیت کی اسپیشل ویب سائٹ قائم کر کے اس کمی کا مدوا کر رہی ہے۔