ہندوستانی ٹیم کو پہلی پوزیشن بچانے کا چیلنج
کیپ ٹاون: ہند اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج کیپ ٹاون کے نیو لینڈز اسٹیڈیم میں شروع ہوگا اور مہمان ٹیم کو اس سیریز میں اپنی ٹاپ رینکنگ پوزیشن بچانے کا چیلنج بھی درپیش ہے۔3 ٹیسٹ کی اس سیریزمیں اگر میزبان جنوبی افریقی ٹیم کلین سویپ کرنے میں کامیاب ہو تی ہے تو دونوں ٹیموں کے رینکنگ پوائنٹس 118 ہوجائیں گے البتہ جنوبی افریقہ اعشاریہ پوائنٹس کی برتری سے پہلی پوزیشن اپنے نام کرسکتا ہے ۔دوسری جانب اگر ہندوستانی ٹیم یہ سیریز کسی بھی فرق سے جیتنے میں کامیاب رہی تو اس کی پہلی پوزیشن بھی برقرار رہے گی۔ادھر آسٹریلیا بھی پہلے ہی ایشز سیریز میں 0-3کی برتری حاصل کرکے رینکنگ میں خود کو تیسری پوزیشن کا اہل ثابت کرچکا ہے اور اب آ ئندہ چند ٹیسٹ سیریز کے دوران ان ٹیموں میں ابتدائی پوزیشنوں کےلئے مقابلہ جاری رہے گا۔ انگلینڈ کو اپنی موجودہ چوتھی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے لازمی طور پر سڈنی میں جاری پانچواں اور آخری ٹیسٹ جیتنا ہوگا ورنہ شکست کی صورت میں وہ پانچویں نمبر پرچلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم بدستور ساتویں نمبرپر ہے۔ہند اور جنوبی افریقہ کی سیریز میں بیٹسمینوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔اوپنرز کے ساتھ پانچویں نمبر تک بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرکے کامیابی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔اسی طرح بولنگ کے تناظر میں مہمان ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ جنوبی افریقہ کی تیز وکٹیں اسپنرز پر انحصار کرنے والی ٹیم کےلئے مشکلات کا باعث ہوں گی۔میزبان بورڈ نے اس سیریز کےلئے ڈربن میں کوئی میچ نہیں رکھا جہاں کی وکٹ برصغیر سے باہر دنیا کی بہترین اسپن وکٹ تصور ہوتی ہے ۔