Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی اسپتال سعودیوں سے صحت خدمات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس نہیں لینگے، وزارت صحت

ریاض.... محکمہ زکوٰة و آمدنی نے واضح کیا ہے کہ نجی اسپتال اور شفاخانے سعودیوں سے صحت خدمات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس نہیں لیں گے۔ شاہی فرمان کے بموجب کوئی بھی نجی اسپتال یا صحت ادارہ مقامی شہریوں سے صحت خدمات پر مذکورہ ٹیکس لینے کا مجاز نہیں۔ محکمہ زکوٰة و آمدنی نے توجہ دلائی کہ مقامی شہریوں کو صحت خدمات کی فراہمی پر آنے والا ویلیو ایڈڈ ٹیکس سرکاری خزانے سے بھرا جائے گا۔ حکومت ہر صحت خدمت پر 5 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس سرکاری خزانے سے ادا کرے گی۔ سعودی حکومت جو ویلیو ایڈڈ ٹیکس بھرے گی اس کا تعلق سعودی شہریوں کی جانب سے صحت خدمات پر ادا کی جانے والی نقد رقم سے ہوگا۔ علاوہ ازیں اس میں میڈیکل انشورنس کرانے والے سعودی شہریوں سے وصول کی جانے والی اس رقم پر بھی آنے والا ویڈیو ایڈڈ ٹیکس حکومت ہی برداشت کرے گی جو انشورنس کمپنی سے پیکیج خریدتے وقت خریدار کے ذمہ مقرر ہوتا ہے۔ محکمہ زکوٰة نے متعدد سوالات کے جواب پر واضح کیا کہ نجی اسپتالوں اور صحت مراکز کو حکومت کے خزانے سے ویلیو ایڈڈ ٹیکس جمع کرانے کے طریقہ کار کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس دوران اگر کسی سعودی شہری نے صحت خدمات پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس ادا کردیا ہوگا تو وہ اسے واپس کردیا جائے گا۔ 

شیئر: