Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیپ ٹاون ٹیسٹ میں ہند کو 72 رنز سے شکست

 
کیپ ٹاون: پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ہند کو چوتھے دن ہی 72 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی۔ جنوبی افریقہ فاسٹ بولر ورنن فلینڈر نے دوسری اننگز میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انہیں شاندار کارکردگی پر مین آف میچ قرار دیاگیا۔ کھیل کے چوتھے دن ہندوستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دوسری اننگز میں صرف 130 رنز پر آوٹ کرکے ٹیم کو جیتنے کیلئے صرف 208رنز کا سنہری موقع فراہم کیا لیکن ہندوستانی بیٹسمین بظاہر اس آسان ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 135 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنرز شیکھر دھون اور مرلی وجے نے ٹیم کو 30 رنز کا آغاز دیا لیکن دونوں یکے بعد دیگرے 2اوورز میں پویلین لوٹ گئے۔ شیکھر کو مورکل جبکہ مرلی کو فلینڈر نے آوٹ کیا۔ ہند کی تیسری وکٹ 39 کے مجموعی ا سکور پر گری جب چیتیشور پجارا 4رنز بنا کر مورکل کی دوسری وکٹ بنے۔ کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما ٹیم کے اسکور کو 71 رنز تک لے گئے تاہم اس موقع پر فلینڈر نے کوہلی کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔ کوہلی کو آوٹ کرنے کے بعد اگلے اوور میں فلینڈر نے روہت شرما کو بھی بولڈ کر کے ہند کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ پہلی اننگز میں 93 رنز بنا کر انڈین ٹیم کو مشکلات سے نکالنے والے ہردک پانڈیا صرف ایک رن ہی بنا سکے اور ربادا کی گیند پر سلپ میں کیچ ہو گئے۔ہند کی جانب سے سب سے روی چندرن ایشون نے 80 گیندوں پر 5چوکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ بھی فلینڈر کی گیند پر ڈی کاک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ محمد شامی 4 اور بمرابغیر کوئی رن بنائے فلینڈر کا شکار ہوئے۔ بھونیشور کمار 13 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ آخری تینوں کھلاڑیوں کو فلینڈر نے آوٹ کیا۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 130 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور 207 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی۔ ہند کی جانب سے جسپریت بمرا اور محمد شامی نے 3 ، 3 جبکہ ہردیک پانڈیا اور بھونیشور کمار نے 2،2وکٹیں لیں۔ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 209 رنز بنا سکی تھی اور میزبان ٹیم کو 77 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

شیئر: