محاذ آرائی سے گریز کرنا ہوگا، احسن اقبال
اسلام آباد.... وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہمیں محاذ آرائی سے گریز کرنا ہوگا کیوں کہ ملکی ترقی کےلئے سیاسی استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر داخلہ احسن اقبال کی زیر صدارت قومی داخلی سلامتی پالیسی 23۔ 2018ءسے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، انسداد دہشت گردی فورس کے حکام، صوبائی محکمہ داخلہ، ایچ ای سی اور وزارت داخلہ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام قائم کرکے اسے ترقی کی جانب گامزن کردیا ہے۔ ٹیکنالوجی کے انقلاب کے ساتھ خطرات کی نوعیت تبدیل ہورہی ہے لیکن امن و سلامتی کو درپیش نئے اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کیلئے اپنی استعداد کو بہتر بنانا ہوگا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں محاذ آرائی سے گریز کرنا ہوگا کیوں کہ ملکی ترقی کے لیے سیاسی استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ہمیں ترقی کے ثمرات سمیٹنے کےلئے عملی اقدامات کرنے ہونگے۔ کامیابی کیلئے ایک جامع حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی۔