پوما نے ٹکٹ خریدنے والی خاتون پر حملہ کردیا
ماسکو .... روسی سرکس سے بھاگے ہوئے ایک پوما نے نوجوان خاتون پر حملہ کردیا لیکن شدید سردی میں پہنے ہوئے موٹے کوٹ کی وجہ سے انکی جان بچ گئی۔ وہ سرکس دیکھنے کیلئے ٹکٹ لینے کی قطار میں کھڑی تھیں۔ یہ پوما اپنے پنجرے کو توڑ کر باہر نکلا اور کارپارکنگ میں گھومتا رہا اور اسکے بعد اس اس نے اندر آکر خاتون پر حملہ کردیا اور اپنے پنجوں اور دانتوں سے اس کا کوٹ پھاڑ ڈالا۔ 15سالہ عینی شاہد خاتون کا کہناہے کہ جب انہوں نے اس خاتون پر پوما کے حملے کو دیکھا تو چیخنے لگیں۔ اگرچہ یہ پوما زیادہ بڑا نہیں تھا مگرغصے میں نظر آرہا تھا۔ پارکنگ میں کھڑی کاروں کے ڈرائیوروں نے پوما کو ڈرانے کیلئے اپنی کاروں کے ہارن بجانا شروع کردیئے اور یوں اس نے خاتون پر حملہ روک دیا اور فرار ہوگیا۔ بعد میں خاتون پناہ لینے کیلئے قریب کھڑی کار میں بیٹھ گئی۔ ایک ڈرائیور نے اپنی کار کے بیک مرر میں پوما کو آتے ہوئے دیکھ کر تصویر بنالی۔