”پدما وت“ کے خلاف کرنی سینا کا احتجاج
انتہا پسند ہندو تنظیم شری راجپوت کرنی سینا نے فلم’ ’پدماوت“ کی نمائش کی اجازت دینے پر ہندوستانی سنسر بورڈ کے دفتر کا گھیراﺅ کرلیا۔ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ”پدماوتی“ تنازعات سے باہر نکلنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔فلم میں کئی تبدیلیوں کے باوجود انتہا پسند فلم کی نمائش روکنے کیلئے سرگرم ہوگئے ۔ میڈیا کے مطابق کرنی سینا سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے فلم کی نمائش کی اجازت دینے پر فلم سنسر بورڈ کے دفتر کا گھیراﺅ کیا اور وہاں دھرنا دے دیا۔
کرنی سینا کے رہنما جیون سنگھ نے الزام عائد کیا کہ فلم کا صرف نام تبدیل کیا گیاہے ، کہانی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جس کے خلاف سنسر بورڈ کے دفتر کا گھیراﺅ کیا گیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگرچہ فلم کی نمائش پر کئی ریاستوں میں پابندی عائد ہے تاہم پورے ہندوستان میں اس کی نمائش پر پابندی لگائی جائے بصورت دیگر کسی بھی نقصان کی ذمہ دار حکومت ہی ہوگی۔دوسری جانب ممبئی پولیس نے کرنی سینا کی گھیراﺅکی دھمکی کے بعد ہی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرلئے تھے لہٰذا دھرنے کے کچھ ہی دیر بعد مظاہرین کی گرفتاریاں شروع ہوگئیں جس سے مظاہرین منتشر ہوگئے ۔پولیس نے بیشتر مظاہرین کو گرفتار کرلیا جن میں کئی رہنما بھی شامل ہیں۔فلم پدماوت25 جنوری کو نمائش کیلئے پیش کی جائیگی۔