دوسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کے ہند کے خلاف 269 رنز
سنچورین:جنوبی افریقہ کی ٹیم ہند کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں اچھے آغاز کے بعد ایشون کی بولنگ کے سامنے لڑکھڑا گئی۔سینچورین میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے کپتان ڈیوپلیسس نے ٹاس جیت کرخود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز ایڈن مرکرم اور ڈین ایلگر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ایشون نے 31 رنز بنانے والے ایلگر کو آوٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔جنوبی افریقہ کا اسکور جب 148 رنز پر پہنچا تھا تو 94 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے والے اوپنر ایڈن مرکرم بھی ایشون کی گیند پر پویلین لوٹ گئے اور ڈی ویلیئرز جنوبی افریقہ کے تیسرے آوٹ ہونے والے بلے باز تھے جنھوں نے20 رنز بنائے تھے۔ہاشم آملہ نے 82رنز بنا کر جنوبی افریقہ کے اسکور کو 246 رنز تک لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ایک تیز رن لینے کی کوشش میں پانڈیا نے انہیں رن آوٹ کردیا۔ وکٹ کیپر ڈی کوک اور فلینڈر پہلی ہی گیند پرآوٹ ہوگئے تو میزبان ٹیم دباو کا شکار ہوئی تاہم مشکل وقت میں نئے بلے باز کیشومہاراج نے کپتان کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 6وکٹوں کے نقصان پر 269 رنزبنالئے۔کپتان ڈیوپلیسس 24 اور مہاراج 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ ایشون نے 3 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں ہند کو شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔