راولپنڈی.... پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے عوام کو آگاہ کیاگیا ہے کہ مردم شماری کی تصدیق کے نام پر بعض افراد جعلی ٹیلی فون کالز کر کے عوام سے ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔پاکستان آرمی کی طرف سے ایسی کوئی کالز نہیں کی جا رہیں عوام اس کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن پر دیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے عوامی آگاہی کے طور پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ بعض افراد کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کے آفیشلز بن کر جعلی ٹیلی فون کالز کی جا رہی ہیں مذکورہ جعلساز مردم شماری کی تصدیق کے نام پر لوگوںکے قومی شناختی کارڈ،بینک اکاﺅنٹ وغیرہ جیسی ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بیان میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ آگاہ رہیں کہ پاکستان آرمی کی طرف سے ایسی کوئی ٹیلی فون کالز نہیں کی جا رہیں۔ عوام سے درخواست ہے کہ ایسی کالز پر کوئی معلومات فراہم نہ کریں اور فوری طور پر اس کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 1135 اور1125 پر دیں۔