آئندہ پوری بلوچستان اسمبلی ہماری ہوگی، بلاول
کراچی .... چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیس کے نظام سے کوئی مطمئن نہیں ۔ پولیس کاقانون بہت پرانا ہے اس میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ تمام جماعتیں بیٹھ کرپولیس قوانین میں اصلاحات کریں۔ قصور کا واقعہ دلخراش سانحہ ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی میڈیا پر بھی زیرِ بحث رہا۔ پہلے ہم ایسے معاملات پربولنے سے ڈرتے تھے۔اب نہ بول کر ڈرتے ہیں۔ قصور جیسے واقعات پاکستان میں جگہ جگہ ہورہے ہیں جن کی مستقل بنیادوں پر روک تھام ضروری ہے۔سب پاکستانی سوچتے ہیں کہ بچوں کو کیسے محفوظ رکھیں۔ چاہتے ہیں پاکستان کے چاروں صوبے بچوں سے متعلق معلومات نصاب میں شامل کریں اور اسکولوں میں بچوں کو ایسی تربیت دی جائے تاکہ وہ اپنی حفاظت کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان اسمبلی کی حالیہ تبدیلی میں ہمارا کوئی ہاتھ نہیں لیکن آئندہ انتخابات میں پوری کی پوری بلوچستان اسمبلی پیپلزپارٹی کی ہوگی۔