Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دکن این آر آئیزگروپ جدہ کا ماہانہ جائزہ اجلاس،عبدالرزاق نے صدارت کی

گروپ کی جانب سے غرباء اور دینی مدارس کے طلباء میں بلانکٹس ،سوئٹر اور تکیوں کی تقسیم ،اولڈ ایج ہوم میں کھانے کا انتظام بھی کیا جارہا ہے
* * * امین انصاری۔جدہ* * *
 
دکن این آر آئیزگروپ جدہ کا ماہانہ جائزہ اجلاس صدر محمد عبدالرزاق کی صدارت میں انکے گھر پر منعقد ہوا ۔ اجلاس میں  2017ء کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاق رائے سے فیصلے لئے گئے ۔صدر عبدالرزاق نے اراکین کو بتایا کہ گزشتہ سال دسمبرمیں وطن عزیز حیدرآباد دکن میں شدید سردی کی لہر کو دیکھتے ہوئے گروپ کی جانب سے غرباء اور دینی مدارس کے طلباء میں بلانکٹس ،سوئٹر اور تکیوں کی بڑے پیمانے پر تقسیم عمل میں لائی گئی ۔    
    گروپ کے چیئرمین انجینیئر خالد عبدالقدیر نے حیدرآباد اور اسکے مضافات میں سروے کرکے انتہائی ضرورت مند مدارس کے طلباء کی فہرست تیار کی جس کو تمام اراکین کی منظوری کے بعد ان اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ صدر نے بتایا کہ حیدرآباد کے حسن نگر میں واقع اولڈ ایج ہوم سینٹر کا بھی خالد عبدالقدیر نے دورہ کیا اور وہاں بلانکٹس کے علاوہ مقیم ضعیف ساکنین کیلئے مستقل کھانے کے انتظامات کروائے۔انہوںنے کہا کہ  الحمد اللہ دکن این آر آئیزگروپ کی جانب سے گزشتہ سال سے 4 خاندان کو مکمل ماہانہ راشن دیا جارہاہے۔ اس مرتبہ اولڈ ایج ہوم میں بھی مکمل کھانے کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ گروپ کے اراکین نے اس کار خیر پر اللہ کاشکر اداکیا اور اس کام کو مزیدآگے بڑھانے کا عہد کیا ۔
    گروپ کے صدر محمد عبدالرزاق نے اجلاس کو بتایا کہ تلنگانہ کے علاوہ ہندوستان کی دیگر ریاستوں سے امداد کیلئے درخواستیں موصول ہورہی ہیں ۔یوپی اور کیرالہ کی 2یتیم بچیوں کی شادی میں امداد کیلئے بہت اصرار ہے جس پر اجلاس نے متفقہ طور پر اسے منظوری دی اور ان شاء اللہ متعلقہ احباب تک رقم پہنچادی جائیگی ۔ دکن این آر آئیز گروپ کے نوجوان ممبرز نے تجویز رکھی کہ کیوں نہ ہم شہر حیدرآباد کے فٹ پاتھوں پر سردی میں سکڑ کر سونے والے غریب اور لاچار احباب میں بلانکٹس تقسیم کریں ۔تجویز پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد اسے بھی منظوری دی گئی اور پہلے مرحلے میں 550 بلانکٹس تقسیم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
    واضح ہو کہ دکن این آرئیز گروپ ہر سال اپنا سالانہ جلسہ منعقد کرتا ہے اور اس میں ملت اسلامیہ کیلئے خدمت کرنے والے 3 اہم سماجی کارکنوں کو ایوارڈ عطا کرتا ہے ۔ اجلاس میں سالانہ جلسہ 23 فروری کو منعقد کرنے کا  اعلان کیا گیا ۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں مرزا غیاث الدین بیگ، سید معراج علی ، حامد علی مطاہر،راشد محمد عبدالرزاق ، نظام الدین شکیل، نظام الدین فاروق ، محمد رضوان ، سید مسعود ، شعیب ، دانش قادری، شمس الدین قاضی ، سید عبدالکلیم ، خواجہ معز عالم ، محبوب علی ، اسماعیل شریف ،ذوالفقار اور دیگر اراکین موجود تھے ۔

شیئر: