ویمن بگ بیش:ہوبراٹ ہریکینز نے پہلی فتح سمیٹ لی
ہوبارٹ:ویمن بگ بیش لیگ میں مسلسل10ناکامیوں کے بعد ہوبارٹ ہریکینز نے پہلی فتح سمیٹ لی اور میلبورن رینیگیڈز کو دلچسپ مقابلے کے بعد4رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میچ کی آخری گیند پر رینیگیڈز کی ایمی سیٹر ویٹ نے چھکا لگانے کی کوشش کی لیکن صرف2رنز بن سکے یوں ان کی 65رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگز بھی بے فائدہ ثابت ہوئی۔اس سیزن میں یہ ہریکینز کی پہلی فتح ہے اور اس سے پہلے وہ اپنے تمام 10میچ ہار چکی تھی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہوبارٹ ہریکینز نے9وکٹوں کے نقصان پر120رنز بنائے۔ویدا کرشنا مورتی40 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ میلبورن رینیگیڈز کی لیا تاہوہو نے25رنز دے کر3وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں ایمی سیٹر ویٹ کی عمدہ بیٹنگ کی وجہ سے میچ کے اختتام تک میلبورن کی کامیابی کی امید برقرار رہی لیکن آخری اوور میں وہ 18کے بجائے 14 رنز ہی بنا پائیں اور یوں ہوبارٹ نے دلچسپ مقابلے کے بعد آخر کار لیگ میں اپنی فتح کا کھاتہ کھول ہی لیا۔بروک ہیپبرن نے24رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔