بیگ بیش:69گیندوں پر122رنز،شارٹ کی تاریخی اننگز
جمعرات 11 جنوری 2018 3:00
برزبن:ڈی آرکی شارٹ نے بگ بیش کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اور ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ہوبارٹ ہریکینز کو 3رنز سے فتح دلادی جبکہ برزبن ہیٹ ہدف کے قریب پہنچ کر شکست سے دوچار ہوگئی ۔ شارٹ نے 69گیندوں پر8 چھکوں اور8 چوکوں کی مدد سے122رنز بنائے اور مین آف دی میچ بھی بن گئے ۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہوبارٹ ہری کینز نے 4وکٹوں کے نقصان پر179رنز بنا ئے ۔ہوبارٹ کی جانب سے ڈی آر کی کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ نہیں کرسکا اور اس کے بقیہ بیٹسمین صرف مختصر وقفوں کے دوران وکٹ پر آتے جاتے رہے۔ بین میکڈرموٹ19اور وکٹ کیپر میتھیو ویڈ 16رنز کا حصہ ہی ڈال پائے ۔ ڈی آرکی کے ساتھی اوپنرایلکس ڈولان9جبکہ کپتان جارج بیلی4رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔بیٹنگ کا تمام بوجھ ڈی آرکی نے سنبھالے رکھااور جی بھر کر مخالف بولرز کی خبر لی انہوں نے80رنز چھکوں اور چوکوں کی مدد سے بنائے۔ برزبن ہیٹ کی جانب سے مارک سٹیکیٹی اور بین کٹنگ نے2،2 وکٹیں جبکہ یاسر شاہ، جوئے برنز، برینڈن ڈوجٹ اور مچل سویپسن کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ یاسر شاہ کے4اوور ز میں 29رنز بنے جبکہ مارک سٹیکیٹی سب سے مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے51رنز دیئے۔ہدف کے تعاقب میں برزبن ہیٹ کے اوپنرز سیم ہیزلٹ اور برینڈن میکولم نے ٹیم کو64رنز کا آغاز فراہم کیا۔ میکولم33رنز بنا کر لوٹے جبکہ سیم ہیزلٹ نے45رنز کی اننگز کھیلی۔ ایلکس روس نے 27رنز بنائے لیکن وہ فیلڈنگ میں رکاوٹ بننے کی وجہ سے آوٹ قرار دیئے گئے ۔ اس فیصلے پر لے دے بھی ہوئی لیکن تھرڈ امپائر نے انہیں پویلین بھیج دیا۔ ان کے بعدبرزبن کی2وکٹیں جلد گر گئیں اور ہدف تک رسائی مشکل تر ہو گئی۔ اس صورتحال میں وکٹ کیپر جمی پیئرسن نے پوری کوشش کی لیکن مارک سٹیکیٹی کے رن آوٹ ہوجانے اور آخری گیند پر چوکا لگانے کی کوشش میں ڈوجٹ کے وکٹ گنوا دینے سے برزبن کی ٹیم ہدف سے4رنز کے فاصلے پر شکست سے دوچار ہو گئی اور ہوبارٹ ہریکینز نے یہ دلچسپ میچ3رنز سے جیت لیا۔ڈی آرکی شارٹ کو فیصلہ کن اننگز کھیلنے اور ایک اہم وکٹ لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کیمرون بائس نے 2اور ڈینیئل کرسٹیان نے بھی ایک کھلاڑی کوآوٹ کیا۔