کولکتہ ۔۔۔۔۔مغربی بنگال بزنس سمٹ2018ء کا آغاز ملک کے نامور صنعتکار وں مکیش امبانی ، سجن جندل، سنجیو گوئنگا اور 30سے زائد ممالک کے وفود کی موجودگی میں ہوا۔ مکیش امبانی نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ایک نئے بنگال کی تعمیر ہورہی ہے اور کاروباری میدان میں بنگال کو ملک میں پہلا مقام حاصل ہورہا ہے۔اس موقع پر ریلائنس نے اگلے 2،3برسوں میں ڈیجیٹل سیکٹر میں 5ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ مکیش امبانی نے کہا کہ 2سال قبل بنگال بزنس سمٹ میں ریلائنس نے سرمایہ کاری کا جو وعدہ کیا تھا ،وہ اب 15ہزارکروڑ روپے تک پہنچ گیا۔بنگال سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ ممتا بنر جی کی قیادت میں بنگال’’بیسٹ بنگال‘‘بن چکا ہے۔ انہوں نے بنگال کے عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے ریلائنس جیو کے صارفین کی تعداد 1.2کروڑ تک پہنچ گئی ہے ۔ آئندہ برسوں میں ریلائنس جیو تمام اسپتالوں اور تعلیمی اداروں تک پہنچ جائیگا۔