ریاض..... سالانہ کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول ریاض میں شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر2بہنوں نے شرکت کی اورریت کے فن پارے بنائے۔ہندوستانی لڑکی نیلو نے کہاکہ ہمیں شرکت کی دعوت موصول ہونے پر بہت مسرّت ہوئی اور اب ہم مٹی اور ریت پر فن پارے تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ ہم نے بہت سے مجسمے ماڈلز بنائے جن میں سعودی عرب کے نقشے پر ویژن 2030 شامل ہے۔ اس کے علاوہ اونٹ کے رکھوالے کے باز اور شکرے کیساتھ بھی مجسماتی فن پارہ شامل ہے۔ اس منصوبے کےلئے ریت کے 14 ٹرک استعمال میں لائے گئے۔نیلو کے مطابق صحرائی منظر پیش کرنے کیلئے اونٹ پر رکھی جانے والی زین ، اس پر قالین اور ان کے علاوہ اونٹوں کے رکھوالے کے کپڑے اور سر پر پہنا جانے والا عربی رومال الشماغ بھی فن پارے میں پیش کیا گیا۔ نیلو کے مطابق ان دونوں کا سعودی عرب کا دورہ ان کے فنی کیریئر کا 60 واں منصوبہ ہے۔ دونوں بہنیں ریت سے تیار کردہ فن پاروں کا ایسا میوزیم بنانے کی خواہش مند ہیں جہاں سعودی لوک ورثہ اپنی تمام تر شکلوں کے ساتھ موجود ہو۔