ریاض .... کینیڈا کی ایک عیسائی خاتون اسلام میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مقام و رتبے سے متعارف ہونے کے بعد حلقہ بگوش اسلام ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی طالب علم محمد العتیبی کاکہناہے کہ ایک عیسائی طالبہ کینیڈا کی یونیورسٹی میں ہم جماعت تھی۔ وہ مسلمانوں کے اخلاق اور دینی تعلیمات کی پابندی سے متاثر ہوکر اسلام کے بارے میں وقتاً فوقتاً سوالات کرتی رہتی تھی۔ جب بھی وہ اسلام سے متعلق کوئی بات دریافت کرتی ہم اسے اسلام کی روا داری ، اسلام میں انسانی حقوق کے احترام،فرد اور معاشرے کی حیثیت کی بابت مستند معلومات پیش کردیتے تھے۔ آخری بار اس نے دریافت کیا کہ مسلمان، عیسیٰ علیہ السلام کی بابت کیا عقیدہ رکھتے ہیں۔ اس کے جواب میں بتایا گیا کہ مسلمان انہیں اللہ کا پیغمبر مانتے ہیں۔ اللہ کا بندہ تسلیم کرتے ہیں جبکہ نصرانیت میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مغالطہ آمیز تصویر کی بابت بھی چشم کشا حقائق پیش کئے گئے۔ 8ماہ بعد اس نے یہ کہہ کر اسلام قبول کرلیا کہ میں پوری طرح سے اسلام کی حقانیت اورصداقت کی قائل ہوگئی ہوں۔