Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد نے یمنی عوام کیلئے 1.5 ارب ڈالر کے جامع امدادی پروگرام کا اعلان کردیا

 ریاض.... سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے یمنی عوام کیلئے 1.5 ارب ڈالر کے جامع امدادی پروگرام کا اعلان کردیا۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن میں 2018ءکیلئے اقوا م متحدہ کے انسانیت نواز پروگرام کی مد میں 1.5 ارب ڈالر پیش کریں گے۔ اس کی بدولت یمن کے تمام عوام کو بلا تفریق و امتیاز امدادی سامان وافر مقدار میں مہیا ہوگا۔ کھانے پینے کی چیزیں، ایندھن، دوائیں ، طبی لوازمات ، ضرورت کی جملہ اشیاءپیش کی جائیں گی۔ ہر ماہ 1.1 ملین میٹرک ٹن کے بجائے 1.4 ملین میٹرک ٹن سامان یمن کے حکام وصول کرسکیں گے۔ یمن کو ماہانہ ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن تیل مصنوعات کے بجائے 5 لاکھ میٹرک ٹن مہیا ہونگی۔ سعودی عرب اور امارات انسانیت نواز بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے امدادی سامان کی ترسیل و تقسیم کی مہم انجام دیں گے۔ عرب اتحاد نے یہ بھی طے کیا ہے کہ امدادی سامان کی وصولی کیلئے یمنی بندرگاہوں پر خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ 4 دیو ہیکل کرینیں خریدی جاچکی ہیں ان میں سے دو المخا، ایک عدن اور ایک المکلا بندرگاہ کے حوالے ہوگی۔ اس سے پہلے بھی کرینیں یمنی بندرگاہوں کو فراہم کی جاچکی ہیں۔ بندرگاہوں کا بنیادی ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ مملکت نے حال ہی میں یمنی کرنسی کو سہارا دینے کیلئے سینٹرل بینک میں دو ارب ڈالر بطور امانت جمع کرائے ہیں اس سے قبل 2014ءمیں ایک ارب ڈالر جمع کرائے گئے تھے۔ مارب کو اتحادی ممالک فضائی پل سے مربوط کریں گے۔ سی 130 ساختہ طیارے روزانہ چھ پروازوں کے ذریعے امدادی سامان پہنچائیں گے۔ اتحادی ممالک 17 محفوظ گزر گاہیں قائم کریں گے۔ 6 چوکیوں کے راستے امدادی قافلے یمن پہنچانے کا بندوبست ہوگا۔ یمن میں این جی اوز تک امدادی سامان کی فراہمی کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے مملکت اور یمن کے درمیان الخضراءاور الطوال بری سرحدی چوکیاں کھولی جائیں گی۔ صعدہ، صنعاء، حجہ اور عمران جیسی گھنی آبادی کے علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کا خصوصی اہتمام ہوگا۔ صنعاءہوائی اڈہ امدادی طیارو ں کیلئے کھلا رہے گا۔ یمنی بندرگاہوں میں توسیع پیدا کی جائے گی۔ سمندر کے راستے بھی امداد ی سامان کی ترسیل کا انتظام کیا جائے گا۔ الحدیدہ کے راستے امدادی سامان پہنچایا جائے گا۔ پٹرول زیاد ہ سے زیادہ پہنچانے کیلئے بڑے بڑے کنٹینر نصب کئے جائیں گے۔ عدن آئل ریفائنریوں کی اصلاح و مرمت ہوگی۔ درآمدات و برآمدات کا نظام موثر بنانے کیلئے مختلف اقدامات ہونگے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ امدادی عمل فی الوقت مطلوب انسانی ضرورتوں کی تکمیل تک محدود نہیں رہے گا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جامع امدادی پروگرام کا اعلان یمنی بھائیوں کے حوالے سے سعودی عرب کے غیر متزلزل موقف کا آئینہ دار ہے۔ یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی نے یمنی عوام اور خود اپنی جانب سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کیلئے ممنونیت کا اظہار کیا۔ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ عرب اتحاد انسانیت نواز جامع پروگرام کی خاطر جملہ عسکری وسائل مختص کردے گا۔ یہ اعلان پیر کو ریاض میں عرب اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کیاگیا۔ اجلاس میں سعودی عرب کے عادل الجبیر، بحرین کے شیخ خالد آل خلیفہ، کویت کے شیخ صباح خالد الصباح اور امارات کے شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان شریک ہوئے۔ 

شیئر: