نارتھ آئی لینڈ، نیوزی لینڈ..... کہتے ہیں کہ ناگہانی حادثات اس لئے بھی خطرناک ہوتے ہیں کہ انسان کو حالت موجود میں اسکا کوئی شائبہ بھی نہیں ہوتا کہ کچھ دیر بعد ہی ان پر کوئی بڑی مصیبت پڑنے والی ہے۔ا یک مقامی پیرا گلائیڈر معمول کے مطابق یہاں پیرا گلائیڈنگ کررہا تھا اور وہ کبھی نیچے آتا کبھی اوپر جاتا مگر اسی دوران اچانک زور دار تیز ہوا چلی جسکی وجہ سے اس کے لئے اپنا ا ور گلائیڈر کا توازن برقرار رکھنا ناممکن ہوگیا۔ برسوں کی پیرا گلائڈنگ کا تجربہ رکھنے کے باوجود کچھ دیر کیلئے وہ اتنا حواس باختہ ہوا کہ کوئی بھی حفاظتی ترکیب اس کے ذہن میں نہیں آسکی اور وہ ہزار ہاتھ پاؤ ںمارنے کے باوجود گلائیڈر کی رسیوں میں لپٹ کر نیچے زمین پر جاگرا۔ وہ بذات خود اس حادثے میں محفوظ رہا مگر اسکے گرنے کی رفتار اور شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ زمین پر گرنے سے قبل ہی اسکے جوتے پیروں سے نکل کر ہوا میں اڑ گئے۔ اسی علاقے میں موجود ایک اور گلائیڈنگ ٹیم کے ارکان اس واقعہ کو غور سے دیکھ رہے تھے۔ حادثے کے بعد وہ اسکی مدد کو دوڑے تو پتہ چلا کہ یہ کوئی ناتجربہ کار گلائیڈر نہیں بلکہ برسوں کے تجربے کا حامل گلائیڈر ہے تاہم تیز ہوا نے اسے اپنی مہارت کا کوئی مظاہرہ کرنے کا موقع نہیں دیا۔ یہ واقعہ نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے پر واقعہ پہاڑی مانگونائی کے قریب پیش آیا اور کچھ دیر بعد اسکے جوتے جو ہوا میں اڑ گئے تھے دور کہیں پڑے مل گئے۔ حادثے کے وقت اس نے ہیلمٹ بھی پہن رکھا تھا اور اسی کی وجہ سے اسکی جان بچی ہے۔