Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سویڈن کا جیالا شدید سردی میں پول پر چڑھ گیا

کارلسکرونا، سویڈن....  سویڈن کے اس شمالی شہر میں ملک کے دوسرے علاقوں کے مقابلے میں کچھ زیادہ سردی ہوتی ہے لیکن ایسے لوگ ہر جگہ پائے جاتے ہیں جو موسمی حالات کو خاطر میں نہیں لاتے۔ سردی ہو یا گرمی وہ اپنی قوت برداشت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ یہاں رہنے والے ایک 26سالہ جوان نے انتہائی سردی اور تیز ہوائوں کے دوران ننگے بدن سڑک کے کنارے لگے ہوئے بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا اور وہاں پر کچھ دیر لٹکے رہنے کے بعد  بحفاظت نیچے اترآیا۔ اس موقع کی تصویر اور وڈیو جاری ہوگئی ہے جسے لوگ بیحد حیرت  سے دیکھ رہے ہیں اور اسکی ہمت کی داد دے رہے ہیں۔ جس لیمپ پوسٹ پر چڑھ کر وہ نیچے اترا ہے وہ کم از کم تین منزلہ عمارت جتنا اونچا تھا۔ مقامی ذرائع نے اس حیرت انگیز کارنامے کو انجام دینے والے شخص کا نام جوہانس ایئرلینس بتایاہے۔ کچھ لوگوں نے اپنے کیمروں کے ذریعے بھی اس کی وڈیو اور تصاویر اتاریں۔ اطلاعات کے مطابق پیشے کے اعتبار سے یہ شخص فائر بریگیڈ میں کام کرتا ہے۔ کھمبے سے لٹک کر جھولا جھولنے کا انداز یہ بتا رہا تھا کہ اسے ایسی حرکتوں کی عادت رہی ہے اور وہ کسی چیز سے نہیں ڈرتا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک بار کھمبے پر چڑھ کر اترنے کے بعد اس نے دوبارہ بھی اپنا کارنامہ دہرانے کی کوشش کی جس سے مقامی لوگوںنے اسے باز رہنے کو کہا اور وہ مان گیا۔ قریب سے گزرنے والی ایک خاتون ڈرائیور کا کہناہے کہ یہ کوئی کارنامہ نہیں بلکہ دماغی خرابی ہے۔ کچھ لوگوں کی نفسیات کی بنیاد ہی اس بات پر ہوتی ہے کہ وہ دوسروں کو حیران کریں۔ دوسرے حیران بھی ہوتے ہیں مگر موت اور حادثات کا سامنا صرف اس جیسے بے وقوف لوگوں کو کرناپڑتا ہے۔

شیئر: